مردان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر مردان واصف رحمان نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی
(KMU) کے زیر اہتمام 20 ستمبر کو ہونے والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) کے پُرامن، شفاف اور منظم انعقاد کیلئے متعلقہ اداروں کو سیکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامات مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ان کے احکامات پر ضلع کے 7 امتحانی مراکز کے اطراف 200 میٹر کی حدود میں 19 اور 20 ستمبر 2026 کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایات کے مطابق امتحانی مراکز کے اطراف غیر متعلقہ افراد کے داخلے اور غیر ضروری اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ امیدواروں کو امتحانی مراکز میں موبائل فون، سمارٹ واچ، کیلکولیٹر اور دیگر الیکٹرانک آلات لے جانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ امتحان کے دوران امن و امان، ٹریفک کی روانی اور سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مردان میں MDCAT کیلئے ارینا ویڈنگ ہال نزد بہلول پولیس چوکی تخت بھائی، الحمرا ویڈنگ ہال جیل روڈ مردان، تڑون ہال شوگر ملز بائی پاس روڈ مردان، طورو ویڈنگ ہال نوشہرہ روڈ مردان، الخیر ویڈنگ ہال شوگر ملز بائی پاس روڈ مردان، رواج ویڈنگ ہال نزد انڈسٹریل اسٹیٹ مردان اور ایگزیکٹو سروس کلب شیخ ملتون ٹاؤن مردان کو امتحانی مراکز مقرر کیا گیا ہے۔
احکامات کے تحت کتب، نوٹس، گائیڈز، حل شدہ پرچوں اور دیگر امتحانی مواد کی خرید و فروخت پر بھی پابندی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے امیدواروں، والدین اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں، امتحانی مراکز کے اطراف غیر ضروری رش سے گریز کریں اور دفعہ 144 کے احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ امیدواروں کو پُرسکون ماحول میں امتحان دینے کی سہولت میسر آسکے۔