مقامی افراد کا ایک ماہ سے قبریں کھودنے کا دعویٰ، مبینہ ملزم پولیس کے حوالے، افغان شہری ہونے کی بھی اطلاعات
پشاور (سٹاف رپورٹر) شیخان کے علاقے میں قبرستان سے مبینہ طور پر بچی کی لاش نکالنے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو مقامی افراد نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، جسے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ بڈھ بیر منتقل کردیا گیا۔
مقامی افراد کے مطابق مذکورہ شخص گزشتہ ایک ماہ سے علاقے کی مختلف قبریں مبینہ طور پر کھود رہا تھا اور وہاں سے بچیوں کی لاشیں نکالنے کی کوشش کرتا رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ آج صبح اسے اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جب وہ ایک قبر کھودنے کے بعد مبینہ طور پر بچی کی لاش نکال رہا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے مبینہ ملزم کو قابو کرکے شیخان چوکی پولیس کے حوالے کردیا، جہاں سے اسے تھانہ بڈھ بیر منتقل کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار شخص افغان شہری ہے، تاہم اس حوالے سے بھی پولیس کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور گرفتار شخص سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ مذکورہ شخص کے خلاف عائد الزامات میں کتنی صداقت ہے اور آیا اس کا مختلف قبروں سے لاشیں نکالنے سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔