ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں ایف بی آر کی جانب سے غیرقانونی سگریٹ سازی کیخلاف کارروائی ہوئی، اس دوران بھاری مقدار میں کچا تمباکو برآمد کر لیا گیا۔
اس حوالے سے ایف بی آر ذرائع کی جانب سےبتایا گیا کہ خیبر ٹوبیکو کمپنی کے گوداموں سے 27 لاکھ 50 ہزار کلوگرام کچا تمباکو برآمد کیا گیا ہے، جس پر واجب الادا ایکسائز ڈیوٹی ایک ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق اس غیر قانونی تمباکو سے سگریٹ تیار ہونے کی صورت میں قومی خزانے کو 19 ارب روپے کے نقصان کا خدشہ ہے، تمام قانونی کارروائی مکمل کر کے گودام سیل کر دیا گیا، جبکہ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے غیرقانونی سگریٹ سازی کیخلاف کارروائی کی مالکان مخالفت کی اور ٹیکس ادائیگی کے دستاویزی ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کر دیئے، جس میں اکتوبر میں 2 لاکھ 50 ہزار کلوگرام تمباکو ایکسپورٹ کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایکسپورٹ رسیدوں پر ایف بی آر انسپکٹر کے دستخط موجود ہونے کا مؤقف پیش کرتے ہوئے انتظامیہ نے کہا کہ فیکٹری میں مختلف سرکاری اداروں کے اہلکار تعینات ہیں، جبکہ فیکٹری کی تمام سرگرمیاں سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹر کی جا رہی ہیں۔
فیکٹری مالکان نے کہا کہ ایف بی آر نے ٹیکس شرح فی کلو 10 روپے سے بڑھا کر 390 روپے کر دی، ٹیکس اضافے کے خلاف کیس ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، عدالتی احکامات کے مطابق ٹیکس عدالت میں جمع کرایا جا رہا ہے، مبینہ غیر قانونی کارروائی سے ایکسپورٹ معاہدے متاثر ہونے کا خدشہ منڈلانے لگا ہے۔
