امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی اڈوں و سفارتخانوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا، اس دوران سعودی عرب، دبئی اور کویت میں امریکی فوجیوں اور ان کے اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، کویت میں ڈروں حملے میں ہلاک 6 امریکی فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی گئی۔
ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران کویت کے شہر پورٹ شعیبہ میں ایک کمانڈ سینٹر پر ڈرون حملے میں 6 امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں، امریکی حکام نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ بغیر پائلٹ طیارہ نظام فضائی دفاع کو چکمہ دے کر ہدف تک پہنچا، کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے 6 امریکی فوجیوں کی شناخت بعدازاں ظاہر کر دی گئی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر 3 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں زخمی فوجی کے دم توڑنے اور ملبے سے مزید لاشیں ملنے پر تعداد 6 تک جا پہنچی۔
امریکی فوج نے 4 ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر کی، جن میں یو ایس آرمی ریزرو کے کیپٹن کوڈی خورک، سارجنٹ نوح ٹیٹجنس، سارجنٹ نکول امور اور سارجنٹ ڈیکلین کوڈی شامل ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق کویت میں تعینات امریکی افواج کو بھی بڑی تعداد میں ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، بحرین میں موجود ایک اور امریکی تنصیب کو بھی ہدف بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیج کے میدانِ جنگ سے دور ایک امریکی بحری جہاز کو نشانہ بنایا۔
