اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے وفود کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ بات چیت سنیچر کی شام شروع ہوئی اور یہ براہِ راست بات چیت نہیں ہے اور فی الحال دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کا تبادلہ پاکستانی حکام کے ذریعے ہو رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مثبت پیش رفت ہونے کی صورت میں مذاکرات براہ راست بھی ہو سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ ایرانی وفد نے مطالبہ کیا تھا کہ جب تک لبنان میں جنگ بندی اور منجمد ایرانی اثاثے بحال نہیں ہو جاتے، اُس وقت تک مذاکرات شروع نہیں ہوں گے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ان کی یہ پیشگی شرائط منظور ہوئی ہیں یا نہیں۔
ان مذاکرات کے لیے ایرانی وفد جمعے کی شب اسلام آباد پہنچا تھا جس کی قیادت سپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں جبکہ امریکی وفد سنیچر کی صبح نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں اسلام آباد آیا۔
ایران اور امریکہ کو اس بات چیت کی دعوت پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے دی تھی۔
