مردان(نمائندہ پختونخوا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں غیرملکی سیاح نے جھاڑو اٹھا کر شہریوں کو آئینہ دکھا دیا، اور اس کے ساتھ ہی شہری ذمہ داری کی بہترین مثال قائم کردی۔واقعات کے مطابق مردان میں ایک غیر ملکی خاتون سیاح کے منفرد اقدام نے شہریوں کی توجہ حاصل کرلی، جہاں انہوں نے شہر میں موجود کچرا دیکھ کر خود جھاڑو اٹھائی اور صفائی شروع کردی۔صفائی ہر شہری کی ذمہ داری ہےانڈونیشیا سے تعلق رکھنے والی خاتون سیاح نے اپنے عمل کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ صاف ماحول برقرار رکھنا صرف صفائی عملے کی نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔خاتون سیاح نے مردان کے دورے کے دوران شہر کی خوبصورتی کو سراہتے ہوئے اسے ایک خوبصورت اور یادگار مقام قرار دیا، تاہم دوران سفر جب ان کی نظر مختلف مقامات پر موجود کچرے پر پڑی تو انہوں نے کسی ہچکچاہٹ کے بغیر جھاڑو اٹھائی اور خود صفائی شروع کردی۔ان کے اس عمل نے موقع پر موجود شہریوں کو حیران کردیا اور صفائی کے حوالے سے ایک مثبت پیغام دیا۔غیر ملکی سیاح کا کہنا تھا کہ صاف ماحول نہ صرف انسانی صحت کیلئے ضروری ہے بلکہ کسی بھی شہر کی خوبصورتی اور سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے اپنے عمل سے یہ پیغام دیا کہ اگر ہر شخص اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں کردار ادا کرے تو شہر مزید خوبصورت بن سکتے ہیں۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر ملکی مہمان کا یہ اقدام ایک بہترین مثال ہے، جس سے ہر فرد کو یہ سبق ملتا ہے کہ شہر کو صاف رکھنا صرف انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا فرض ہے۔شہریوں نے کہا کہ ایک غیر ملکی خاتون کا صفائی کیلئے آگے بڑھنا معاشرے کیلئے مثبت پیغام ہے۔مردان میں صفائی کے حوالے سے متعلقہ ادارے اقدامات کر رہے ہیں، تاہم حکام شہریوں سے بارہا اپیل کرچکے ہیں کہ کچرا مقررہ مقامات پر پھینکیں، عوامی مقامات کو صاف رکھنے میں تعاون کریں، اور اس کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔خاتون سیاح کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر بھی بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، صارفین نے اسے شہری شعور، ذمہ داری اور پاکستان آنے والے غیر ملکی مہمان کی مثبت سوچ کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔