بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور نے میٹرک سالانہ امتحان اول 2026کے نتائج سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پریس ریلیز کو جعلی اور بے بنیادقرار دیتے ہوئے اس کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
پشاور تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری تردیدی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ایک جعلی پریس ریلیز گردش کر رہی ہے، جس میں میٹرک سالانہ امتحان اول 2026 کے نتائج کے اعلان کی مخصوص تاریخ اور وقت درج کیا گیا ہے، تاہم اس پریس ریلیز کا بورڈ سے کوئی تعلق نہیں۔
اعلامیے کے مطابق بورڈ انتظامیہ نتائج کی تیاری، جانچ پڑتال اور پراسیسنگ کا عمل تیزی سے مکمل کر رہی ہے تاکہ طلبہ کو شفاف، درست اور بروقت نتائج فراہم کیے جا سکیں۔
بورڈ نے واضح کیا کہ نتائج کی تیاری کے تمام مراحل مکمل ہونے کے فورا بعد نتائج کے اعلان کی تاریخ اور وقت سے متعلق باضابطہ اطلاع بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ اور آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمزکے ذریعے جاری کی جائے گی۔
ترجمان بورڈ نے تمام طلبہ، والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر توجہ نہ دیں اور صرف بورڈ کے سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔
بورڈ کے مطابق میٹرک نتائج سے متعلق تمام مستند معلومات صرف بورڈ کے سرکاری پلیٹ فارمز پر جاری کی جائیں گی