کوہاٹ ( نامہ نگار)کوہاٹ راولپنڈی بین الصوبائی شاہراہ پر ایک المناک حادثے میں آئل ٹینکر مخالف سمت سے آنے والی کار پر چڑھ دوڑا جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ ایک کمسن بچے سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔تمام متاثرہ افراد کا تعلق کوہاٹ سے بتایاجاتا ہے۔اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ کے علاقے کالج موڑ کے قریب پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 37 سالہ زوجہ محمد بنارس کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں اقبال، اس کی اہلیہ اوران کا چار سالہ بیٹا ریحان شامل ہیں۔ تمام متاثرہ افراد کا تعلق کوہاٹ سے بتایا جاتا ہے۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پہنچیں اور لاش و زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال فتح جنگ منتقل کیا۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔