وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے مظفرآباد میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کے جذبے کو سراہا اور عمران خان کی آواز پر لبیک کہنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی کشمیر میں الیکشن آنے والے ہیں، لیکن ووٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، اور جلد ہی ملک بھر میں احتجاج ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن کے بعد کشمیر میں مسلط ٹولے کا طرزِ عمل کشمیری روایات کے منافی ہے اور یہ عناصر اوچھے ہتھکنڈوں سے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے، کشمیریوں اور قبائلی عوام کے درمیان ایک مضبوط رشتہ قائم ہے جو کبھی ختم نہیں ہو سکتا، پاکستان اور کشمیر پر مسلط حکمران عوامی مینڈیٹ کے بغیر اقتدار میں آئے۔
سہیل آفریدی نے آئندہ انتخابات کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے خود میدان میں آنا ہوگا، اگلی بار ووٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، عمران خان نے عالمی سطح پر کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ جرات مندی سے پیش کیا، مگر آج وہ اور ان کی اہلیہ ناحق قید میں ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام آئینی، قانونی اور جمہوری راستے اختیار کرنے کے باوجود انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جبکہ عدالتی احکامات کو بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران ملک کے مفاد سے بے پروا ہیں، مگر ہم خاموش نہیں رہیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اعلان کیا کہ جلد بڑے پیمانے پر احتجاج کی کال دی جائے گی اور اس بار پورا پاکستان میدان میں نکلے گا، ضرورت پڑنے پر ہر چوک کو ڈی چوک بنایا جائے گا لیکن عوام اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
جلسے سے پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں، سردار عبد القیوم نیازی، سلمان اکرم راجہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور حقیقی آزادی اور عمران خان کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا مظفرآباد پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ یاد رہے کہ جلسہ میںوزیراعلی نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی کشمیر میں الیکشن آنے والے ہیں، لیکن ووٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، اور جلد ہی ملک بھر میں احتجاج ہوگا