مردان (بن یامین سے) پاکستان تحریک انصاف کے 30 سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر کی طرح پشاور ریجن میں بھی یومِ تاسیس کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں کارکنوں نے پارٹی قیادت کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ریجنل سیکرٹری اطلاعات انجینئر عادل نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ملکی سیاست میں ایک نئی سوچ کو فروغ دیا اور عوام میں کرپشن کے خلاف شعور اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی کے اصولوں کے لیے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف نے عوامی خدمت اور قومی خودمختاری کے نظریے کو مضبوط کیا۔ ان کے مطابق مشکل حالات کے باوجود کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ پارٹی کے نظریے پر ثابت قدم ہیں۔ انجینئر عادل نواز کا کہنا تھا کہ 30 سال قبل لگایا گیا پودا آج ایک تناور درخت بن چکا ہے جس کی جڑیں عوام میں مضبوطی سے پیوست ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی ملک میں حقیقی جمہوریت، انصاف اور عوامی حقوق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی قیادت اس وقت مشکلات کا سامنا کر رہی ہے، تاہم کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور پرامن سیاسی عمل کے ذریعے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کوششیں تیز کریں۔