صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایف سی پوسٹ پر قبضہ کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سیکورٹی ذرائع کےمطابق جوابی کارروائی کے دوران 8 حملہ آور ہلاک کر دیئے گئے۔
واقعات کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں فیڈرل کانسٹیبلری کی ایک چیک پوسٹ پر مسلح حملہ آوروں کی جانب سے قبضے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے پوسٹ پر حملہ کیا، تاہم فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج ہلاک
ابتدائی اطلاعات کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 حملہ آور مارے گئے، سیکیورٹی اہلکاروں نے چیک پوسٹ کا کامیابی سے دفاع کیا اور حملہ آور اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
اضافی نفری طلب، علاقے کا محاصرہ
حملے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کے اضافی دستے موقع پر پہنچ گئے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ حکام کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔
سیکیورٹی آپریشن جاری
ایف سی پوسٹ پر قبضہ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کارروائی جاری ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور مزید معلومات سامنے آنے پر جاری کی جائیں گی۔