گڑھی کپورہ (نمائندہ خصوصی)صوبائی حکومت کے احکامات پر محکمہ بلدیات کی جانب سے ویلج کونسل گڑھی دولت زئی 2 کے علاقے محلہ مسجد جنازگاہ میں پاک صاف و شفاف خیبرپختونخوا مہم کے تحت صفائی کا کام جاری ہے۔ اس مہم کے دوران جنازگاہ، گلیوں، نالوں اور دیگر عوامی مقامات سے کچرا اور گندگی کو ہٹایا گیا ہے۔علاقہ مکینوں نے اس مثبت اقدام کو سراہا ہے، تاہم انہوں نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ جنازگاہ کے قریب کچرے کا ڈھیر بدبو اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہا ہے، جو نہ صرف مقامی افراد بلکہ جنازے میں شرکت کے لیے آنے والے باہر کے مہمانوں کے لیے بھی مشکلات کا سبب ہے۔ مقامی باشندوں نے ٹی ایم اے گڑھی کپورہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جنازگاہ کے ساتھ قائم عارضی ڈمپنگ پوائنٹ کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور یونین کونسل گڑھی دولت زئی میں مناسب اور مستقل ڈمپنگ سائٹس مختص کی جائیں تاکہ علاقے کی صفائی اور ماحولیاتی نظام کو بہتر طور پر برقرار رکھا جا سکے۔
