صوابی (نمائندہ پختونخوا نیوز)پرائس کنٹرول اور فوڈ سیفٹی کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر صوابی ڈاکٹر علینہ شکیل ناگرہ نے باجا بازار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گوشت کی دکانوں، سبزی و پھل فروشوں اور دیگر دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران گوشت کی دکانوں میں زائد قیمتیں وصول کرنے اور ذبح کرنے کے مقررہ پروٹوکول کی خلاف ورزی پائی گئی، جس پر متعدد دکانوں کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کو معیار کے مطابق اشیائے خورونوش مناسب نرخوں پر فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اسی طرح انہوں نے سبزی اور پھلوں کی دکانوں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر سرکاری نرخنامہ کی عدم موجودگی اور قیمتوں میں بے قاعدگی پر دکانداروں کو سخت تنبیہ کی گئی جبکہ تمام دکانداروں کو پابند کیا گیا کہ ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ضلعی انتظامیہ صوابی عوام کو معیاری اور معقول قیمت پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے اپنی کارروائیاں، مارکیٹ مانیٹرنگ اور انسپیکشن کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف اقدامات مستقل بنیادوں پر کیے جائیں گے۔
