ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز تحلیل کر دیئے گئے، اپنی 4 سالہ مدت پوری ہونے کے بعد تمام 44 کنٹونمنٹ بورڈز کو باقاعدہ طور پر تحلیل کر دیا گیا ہے، جبکہ نئے انتخابات آئندہ 120 دن کے اندر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دوران تمام کنٹونمنٹ علاقوں میں نگران سیٹ اپ قائم کیا جائے گا تاکہ انتظامی امور بلا تعطل جاری رہیں۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز تحلیل کر دیئے گئے، جس کے بعد پشاور، رسالپور، ایبٹ آباد، کوہاٹ، نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبر پختونخوا کے 8 کنٹونمنٹ بورڈز میں کیئر ٹیکر ٹیموں کی نامزدگیاں شروع کر دی گئی ہیں، نگران بورڈز منتخب نمائندوں کی آمد تک تمام روزمرہ امور سنبھالیں گے۔
اس سلسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ تمام نامزدگیاں 26 نومبر 2025 کی شام تک جمع کرانا لازمی قرار دی گئی ہیں، جس کے بعد نگران بورڈز باقاعدہ طور پر اپنا کام سنبھال لیں گے، سرکاری حکام کے مطابق نئے ارکان کی حلف برداری بھی پورے ملک میں ایک ہی دن کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
