خیبرپختونخوا کے اضلاع چارسدہ اور صوابی میں حادثات کے باعث 2بچوں سمیت 3افراد جاں بحق جبکہ 39 افراد زخمی ہو گئے۔
واقعات کے مطابق ضلع چارسدہ میں ترنگزئی بائی پاس پر دھند کے باعث سکول کیری ڈبہ اور ٹرک ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق جبکہ 24 زخمی ہو گئے، ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی بچوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا۔
ہسپتال میں زخمی بچوں کو فوری طور پر طبی امداد دی گئی جبکہ 3 زخمی بچوں کو تشویش ناک حالت کے باعث پشاور ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب ضلع صوابی کے شیوہ اڈہ چوک میں المناک حادثہ میں دو افراد جاں بحق جبکہ 15 شدید زخمی ہو گئے۔
شیوہ اڈہ چوک کے مقام پر فلائنگ کوچ اور بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 15 سالہ لڑکا اور فلائنگ کوچ ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ 15 مسافر شدید زخمی ہوئے ہیں۔
فلائنگ کوچ بٹ خیلہ سے اسلام آباد جا رہی تھی، جس میں سوار خواتین و مرد سمیت تمام مسافر ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد پورا کالوخان ہسپتال اور باچا خان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔ یاد رہے کہ چارسدہ اور صوابی میں حادثات کے دوران بچوں سمیت تین افراد جاںبحق ہو گئے ہیں
