اپر چترال میں گلیشیائی پگھلا کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جبکہ گھروں، باغات، رابطہ سڑکوں اور دیگر املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یارخون کے علاقے بانگ گول میں اچانک سیلابی ریلہ آنے سے پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہوا، جس کے باعث متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے اور گھروں، باغات اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا۔
شدید سیلاب کے نتیجے میں بنگ نالہ پر قائم واحد رابطہ پل دریا برد ہوگیا، جس کے باعث یارخون ویلی روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔
پل بہہ جانے کے بعد یارخون کی تقریباً 50ہزار آبادی کا دیگر علاقوں سے واحد زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مستوج سے بروغل جانے والی سڑک بھی ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے مکمل طور پر بند ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے حکومت خیبرپختونخوا، ضلعی انتظامیہ اور فلاحی اداروں سے فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے، متبادل راستوں کی بحالی اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور نقصانات کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔