وفاقی دارالحکومت کے علاقے شاہین چوک میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر ایک لڑکی کو زبردستی گاڑی میں بٹھانے سے روکنے پر پاک فضائیہ کے ایک افسر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم ملزم ایک جواں سالہ لڑکی کو اپنی گاڑی میں زبردستی بٹھانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے پاک فضائیہ کے افسر، جن کی شناخت عاصم طارق کے نام سے ہوئی ہے، نے ملزم کو روکنے کی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے مزاحمت پر پاک فضائیہ کے افسر پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ملزم واردات کے بعد گاڑی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے واقعے میں موجود لڑکی، جس کی شناخت نمراکے نام سے بتائی جا رہی ہے، کو تحویل میں لے کر واقعے سے متعلق تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی اعلی سطح پر تحقیقات جاری ہیں، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔