مردان (سٹاف رپوٹر) سماجی فلاحی تنظیم قطر چیریٹی نے محکمہ تعلیم کے تعاون سے ضلع مردان کے مختلف سرکاری پرائمری سکولوں میں طالبات کے لیے جدید فرنیچر فراہم کر دیا، جس سے فرنیچر کی کمی کا شکار تعلیمی اداروں میں تدریسی ماحول بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم کی نشاندہی پر ایسے سرکاری پرائمری سکولوں کا انتخاب کیا گیا جہاں طالبات فرنیچر کی عدم دستیابی کے باعث زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور تھیں۔ قطر چیریٹی کے نمائندگان زاکر خان اور سجاد خان نے ہیڈ ٹیچر امجد اسلام کے ہمراہ مختلف سکولوں کا تفصیلی سروے کیا، جس کے بعد ضرورت مند سکولوں کو ترجیحی بنیادوں پر جدید ڈیسک، کرسیاں اور دیگر ضروری تعلیمی سامان فراہم کیا گیا۔ اس موقع پر قطر چیریٹی کے نمائندہ زاکر خان نے کہا کہ تنظیم کا مقصد بچوں، خصوصاً طالبات، کو باوقار اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر چیریٹی مستقبل میں بھی تعلیم کے فروغ اور سرکاری سکولوں کی بہتری کے لیے ایسے فلاحی منصوبے جاری رکھے گی۔ ہیڈ ٹیچر امجد اسلام نے قطر چیریٹی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کے لیے صرف اساتذہ اور نصابی کتب کافی نہیں ہوتیں بلکہ طلبہ کو بنیادی تعلیمی سہولیات کی فراہمی بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید فرنیچر کی فراہمی سے طالبات کو آرام دہ تعلیمی ماحول میسر آئے گا جس سے ان کی تعلیمی کارکردگی میں بھی مثبت بہتری متوقع ہے۔ تقریب کے اختتام پر سکول انتظامیہ، اساتذہ اور طالبات نے قطر چیریٹی کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دیگر فلاحی ادارے بھی سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری اور تعلیم کے فروغ کے لیے اسی جذبے کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں گے