وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے خیبرپختونخوا میں اے آئی اتھارٹی قائم کرنے کا اعلان کر دیا، انہوں نے آئی ایم سائنسز پشاور میں منعقدہ ڈیجیٹل میڈیا میٹ اپ کے دوران ڈیجیٹل میڈیا نمائندگان سے انٹرایکٹو سیشن کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے صوبائی جامعات کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر آئی ایم سائنسز کی انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ جامعات کیلئے صوبائی رینکنگ سسٹم کا آغاز اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے تعلیمی اداروں میں معیار اور مسابقت کو فروغ ملے گا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اے آئی اتھارٹی قائم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنا اور نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل مہارتیں نوجوانوں کی ترقی کیلئے بنیادی ضرورت بن چکی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ احساس نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین اور مذہبی اقلیتوں کیلئے بھی خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ انہیں معاشی مواقع فراہم کیے جا سکیں