پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے خیبرپختونخوا میں 19 تا 23 جولائی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، شدید موسمی صورتحال کا الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق دیر اپر و لوئر، چترال اپر و لوئر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، کرک، ٹانک، لکی مروت، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرم، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان اور ہنگو میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار سے شدید موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔دوسری طرف پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور فلش فلڈ کا خطرہ بھی موجود ہے۔اس کے علاوہ میدانی علاقوں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی وغیرہ میں اربن فلڈنگ کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور و کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، درختوں اور زرعی فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔