شیرگڑھ (نمائندہ پختونخوا نیوز): لوندخوڑ کے نواحی علاقے موٹی بانڈہ، ڈھیری لکپانی میں سانپ کے ڈسنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گل فقیر کی اہلیہ کھیتوں میں گھاس کاٹ رہی تھیں کہ اسی دوران انہیں زہریلے سانپ نے ڈس لیا۔ اہل خانہ نے فوری طور پر انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کرنا شروع کیا، تاہم وہ راستے ہی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
مرحومہ کی نماز جنازہ کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
دریں اثنا مقامی شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سانپ اور کتے کے کاٹنے کی ویکسین دستیاب نہیں، جس کے باعث ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو بروقت علاج میسر نہیں آتا۔ عوام نے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتالوں میں اینٹی اسنیک وینم اور اینٹی ریبیز ویکسین کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ مستقبل میں قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔