صوابی کے علاقوں منصب دار ، دوبیان، یارحسین، قمرگی، لنڈے چم اور ڈھنڈوقہ میں سیلابی صورتحال کے باعث پانی متعدد گھروں میں
داخل ہوگیا۔ تحصیل رزڑ کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش کے باعث طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، حمزہ ڈھیر، مناگئی اور ترکئی میں ریسکیو کی ٹیموں نے کشتیوں اور لائف جیکٹس کی مدد سے 300 سے زائد متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا، جن میں بچے، خواتین اور بزرگ شامل تھے ۔
ان واقعات کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 صوابی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں، اس دوران ریسکیو اہلکاروں نے خواتین سمیت متعدد افراد کو بحفاظت ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔
ادھر منصب دار میں نجی فلور ملز کو بارش کے بعد شدید نقصان پہنچا اور سیلابی پانی فلور ملز کے اندر داخل ہونے کی وجہ سے وہاں موجود آٹے کی بڑی مقدار متاثر ہو گئی۔