شیرگڑھ (نمائندہ پختونخوا نیوز) تحصیل درگئی کے علاقے سخاکوٹ میں تیز رفتار ٹرک اور باجوڑ جانے والی سوزوکی میں تصادم کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ سخاکوٹ میں پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹرک نے باجوڑ جانے والی سوزوکی کو ٹکر مار دی۔
تصادم کے نتیجے میں سوزوکی میں سوار دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال درگئی منتقل کردیا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی ہسپتال منتقل کی گئیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی عمریں تقریبا 20 سے 23 سال کے درمیان ہیں اور ان کا تعلق جلالہ سے بتایا گیا ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والی سوزوکی میں سوار افراد ویٹرز تھے، جو روزگار کے سلسلے میں باجوڑ جا رہے تھے۔
پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ واقعے کی مزید وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔