سوات:پاک فوج نے بالائی سوات کی کالام ویلی میں فلک سر چوٹی پر حادثے کا شکار ہونے والے کوہ پیما سید علی شاہ کی میت کی ریکوری کا ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا۔
فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ اور آرمی ایوی ایشن کے اہلکاروں نے میت بحفاظت سوات منتقل کردی۔
سید علی شاہ جولائی 2026 میں کالام ویلی، بالائی سوات میں واقع فلک سر چوٹی پر گلیشیئر ٹوٹنے کے باعث پیش آنے والے حادثے میں گہری کھائی میں جاگرے تھے، جس کے بعد ان کی میت کی تلاش اور بازیابی کا عمل جاری رہا۔
بعد ازاں ڈرون کی مدد سے تقریباً 5ہزار 200میٹر کی بلندی پر سید علی شاہ کی میت کی نشاندہی کی گئی، تاہم دشوار گزار، برف پوش اور انتہائی خطرناک علاقے کے باعث زمینی سطح پر میت کی ریکوری انتہائی مشکل تھی۔
5ستمبرکو کوہ پیماں پر مشتمل ریسکیو ٹیم کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے انتہائی دشوار گزار مقام تک پہنچایا گیا۔
ریسکیو ٹیم نے مسلسل پانچ روز کی مشکل اور کٹھن جدوجہد کے بعد میت کو پہاڑ کے بیس کیمپ تک پہنچایا۔
بعد ازاں 6ستمبر کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سید علی شاہ کی میت کو بیس کیمپ سے سوات منتقل کردیا گیا۔
سید علی شاہ کے بھائی سید عبداللہ نے پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل اور کٹھن آپریشن میں بھرپور تعاون پر تہہ دل سے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں نے ان کے بھائی، کوہ پیما سید علی شاہ کی میت کی تلاش اور بازیابی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا۔
سید عبداللہ کے مطابق وہ بالخصوص ان تمام جوانوں اور افسران کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دشوار گزار اور خطرناک حالات میں مسلسل محنت کی اور مشکل کی اس گھڑی میں خاندان کا ساتھ دیا۔
میت کی بحفاظت منتقلی پر اہل علاقہ اور کوہ پیما کے خاندان نے بھی پاک فوج اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے تمام اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔