کرم: سکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج سے وابستہ افغان شہری سمیت 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ ذرائع کے مطابق کارروائی 8 ستمبر 2026 کو خوارج کے خلاف کی گئی، جس کے دوران افغان خارجی عبید اللہ سعد اپنے 3 ساتھیوں سمیت مارا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افغان خارجی عبید اللہ سعد ولد غلام غوث صالحی کا تعلق افغانستان کے صوبہ لوگر کے گاؤں شاہی قلعہ سے تھا اور وہ کالعدم فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا۔ عبید اللہ سعد پاکستان میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا تھا۔
سکیورٹی حکام کے مطابق افغانستان سے دراندازی کے ذریعے پاکستان میں داخل ہونے والے ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ حکام نے واضح کیا کہ ملک کے امن و سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔