پشاور:پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ حیات آباد میں 7 ستمبر کو پیش آنے والے واقعے پر محکمہ صحت نے انکوائری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں مزید کارروائی کرتے ہوئے بی ایس نرسنگ چھٹے سمسٹر کے دو طلبہ کو کالج سے خارج کردیا۔
ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کی جانب سے 10 ستمبر کو جاری کیے گئے الگ الگ آفس آرڈرز کے مطابق محمد سراج اور عباس خان کو فوری طور پر کالج سے رسٹیکیٹ کیا گیا ہے۔
آفس آرڈرز کے مطابق دونوں طلبہ پر نظم و ضبط کی خلاف ورزی، اساتذہ کو ہراساں کرنے، تعلیمی سرگرمیوں اور کلاسز میں خلل ڈالنے، ادارے میں باہر کے افراد کو جمع کرنے اور کالج کا گیٹ بند کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت نے انکوائری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں فیکلٹی رہائش گاہوں میں مقیم تمام مرد طلبہ کو بھی وہاں سے نکالنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
احکامات کے مطابق آئندہ فیکلٹی رہائش گاہوں میں کسی بھی مرد طالب علم کو رہائش فراہم نہیں کی جائے گی۔
محکمہ صحت کی جانب سے یہ کارروائی حیات آباد پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ میں 7 ستمبر کو پیش آنے والے واقعے کی انکوائری کے بعد سامنے آئی ہے