مانسہرہ :تحصیل اوگی میں اللہ ولی مسجد کے قریب شیشے سے لدا ٹرک بریک فیل ہونے کے باعث موڑ پر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر 6افراد متاثر ہوئے، جن میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پولیس اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو گاڑی سے نکالا۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر کنگ عبداللہ ہسپتال منتقل کردیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔