سوات ( بیورورپورٹ)مدین میں 9سالہ یتیم بچی ایشمل کے مبینہ زیادتی کے بعد قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزم سلطان محمد نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے دوران تفتیش ملزم کے اعترافِ جرم اور اس سے آلہ قتل برآمد ہونے کا دعوی کیا تھا، تاہم عدالت میں پیشی کے دوران ملزم نے جرم قبول کرنے سے انکار کردیا۔ عدالت کی کارروائی کے بعد ملزم کو سوات جیل منتقل کردیا گیا۔ سلطان محمد پر الزام ہے کہ اس نے مدین میں اپنے گھر میں پڑوسیوں کی یتیم 9 سالہ بچی ایشمل کے ساتھ مبینہ زیادتی کے بعد اسے قتل کیا۔ واقعے کے خلاف مدین سمیت مختلف علاقوں میں مسلسل احتجاج بھی جاری رہا اور مظاہرین کی جانب سے ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے، تاہم ملزم نے عدالت کے سامنے صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔