ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بڑی اور کامیاب کارروائی کی گئی، جس میں کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے، یہ آپریشن انٹیلی جنس بیسڈ تھا جو کہ باڑہ میں کیا گیا، ہلاک دہشت گردوں میں حیات آباد ٹول پلازہ کی ناکہ بندی میں مبینہ طور پر ملوث کمانڈر خالد عمر غازی بھی شامل ہے۔ خیبرپختونخوا خبریں
باڑہ کے علاقے اکاخیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے باڑہ کے علاقے اکاخیل، حاجیانون کلے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کمانڈر خالد عمر غازی، ملک عرب گل، اریانہ اور حنظلہ کے نام سے ہوئی ہے۔
حیات آباد ٹول پلازہ کی ناکہ بندی میں ملوث دہشتگرد مارا گیا
خیبر میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی کے دوران ہلاک کمانڈر خالد عمر غازی چند ماہ قبل پشاور میں حیات آباد ٹول پلازہ کی ناکہ بندی میں ملوث تھا، اس واقعے کی ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی، جس کے بعد سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں۔
علاقے میں مزید سرچ آپریشن
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمانڈر خالد عمر غازی پشاور، باڑہ اور تیراہ میدان میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے مختلف حملوں میں بھی ملوث تھا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی کے بعد علاقے میں مزید سرچ آپریشن اور سیکیورٹی اقدامات جاری رکھنے کی اطلاعات ہیں