خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشتگردی واقعات کے دوران بچوں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بنوں کے پولیس سٹیشن ہوید کی حدود میں واقع چوکی شیخ لنڈک پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، زخمی ہونے والے سپاہیوں میں ناصر خان، قسمت علی، رحمان اللہ، اختر علی اور دوست محمد شامل ہیں۔
واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری اور ایمبولنس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور اس دوران زخمی 4 پولیس اہلکاروں کو بنوں ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا جبکہ قسمت علی نامی پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا ہے اس لئے اس کو فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے اور وہ پولیس پوسٹ پر موجود ہیں۔
دوسری طرف بنوں کے تھانہ ہوید کی ہی حدود میں واقع شیخ لنڈک فٹ بال گراؤنڈ پر کواڈ کاپٹر ڈرون سے حملہ ہوا جسے پولیس نے دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا، کواڈ کاپٹر سے گرنے والا بم پھٹنے سے 7 افراد زخمی ہو گئے، جن میں چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق کواڈ کاپٹر ڈرون حملہ میں زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ، جبکہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فٹ بال گراؤنڈ پر کواڈ کاپٹر ڈرون حملہ دہشت گردوں نے کیا۔
ادھر بنوں میں دہشتگردی واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، اس دوران بنوں کے ترنگ قبرستان کے قریب پولیس اہلکار ضیاء اللہ کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے زخمی کر دیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا
