ڈکیتی، قتل اور پولیس پر حملوں کے مقدمات درج، 68 لاکھ روپے مبینہ مسروقہ رقم برآمد
پشاور (ویب ڈیسک) پشاور کے علاقے بھانہ ماڑی میں پولیس مقابلے کے دوران انتہائی مطلوب گینگ کے 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف ڈکیتی، راہزنی، قتل، اقدام قتل اور پولیس پر حملوں سمیت 13 سنگین مقدمات درج تھے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت شاکر ولد لعل محمد اور عثمان ولد فضل غنی کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں مختلف سنگین جرائم کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے اور ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے سول کوارٹر روڈ پر ایک صراف سے مبینہ طور پر ایک کروڑ 78 لاکھ روپے لوٹے تھے۔ پولیس کو ملزمان کی موجودگی کی اطلاع قبرستان غازی بابا لارہ میں ملی، جس پر پولیس ٹیم نے کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق ٹیم کے موقع پر پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ہلاک ملزمان کے قبضے سے 68 لاکھ روپے کی مبینہ مسروقہ رقم، ایک کلاشنکوف، ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
پولیس نے واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن اور مزید تفتیش شروع کردی ہے جبکہ ہلاک ملزمان کے خلاف درج مقدمات اور دیگر جرائم میں ان کے ممکنہ کردار سے متعلق تحقیقات بھی جاری ہیں۔