ویب ڈیسک: ضلع سوات کے علاقے مٹہ چپریال میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں 19 سالہ خاتون قتل کر دی گئیں ۔ ریسکیو 1122 کے مطابق مقتولہ کی شناخت آسیہ بی بی دختر عمر زادہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق گھر کے ایک کمرے سے فائرنگ کی آواز سنائی دینے پر خاتون کے بھائی نے کمرے میں جاکر دیکھا تو آسیہ بی بی مردہ حالت میں موجود تھیں۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور خاتون کی لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ گھر کے اندر فائرنگ کس طرح ہوئی اور خاتون کی موت کے حالات کیا تھے۔ واقعے سے متعلق مزید حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آسکتے ہیں۔