مردان(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس مردان نذیر شاہ نے وی ٹی سی ڈی پی مردان کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کرکے ٹیکنیکل بورڈ کے جاری امتحانات کے انتظامات، طلبہ کی حاضری، نظم و ضبط اور امتحانی ماحول کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وی ٹی سی ڈی پی ڈاکٹر آسیہ نے انہیں امتحانی طریقہ کار اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔نذیر شاہ نے مختلف امتحانی کمروں کا معائنہ کیا اور طلبہ کو امتحانات میں مصروف دیکھا۔ انہیں بتایا گیا کہ امتحانات کے شفاف اور منظم انعقاد کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کئے گئے ہیں اور طلبہ کو پرامن و سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کی انتظامیہ اور امتحانی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ امتحانی عمل مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق جاری رکھا جائے اور طلبہ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے امتحانی کمروں، طلبہ کیلئے دستیاب سہولیات اور مجموعی ماحول کا بھی جائزہ لیا۔