نوشہرہ (نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈاکٹر محسن حبیب کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ہمایوں خان کی قیادت میں ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے پٹواری نوید کو 40 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ کارروائی جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں کی گئی۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم نے سائل کی والدہ کی جائیداد کے انتقال کے عوض مزید 15 لاکھ روپے رشوت طلب کر رکھی تھی، جبکہ اس سے قبل بھی مبینہ طور پر 15 لاکھ روپے وصول کرچکا تھا۔
حکام کے مطابق رشوت طلب کرنے کی شکایت موصول ہونے پر خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور جوڈیشل مجسٹریٹ کے ہمراہ ٹریپ ریڈ کیا گیا۔ پٹواری نوید نے جیسے ہی سائل سے 40 ہزار روپے کے نشان زدہ نوٹ وصول کیے، ٹیم نے اسے موقع پر گرفتار کرلیا اور رقم بھی برآمد کرلی۔ ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف باضابطہ قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔