چترال:ویلج کونسل لاوی، تحصیل دروش، ضلع لوئر چترال میں آبادی میں داخل ہونے والے نایاب مارخور کے بچے کو ایک مقامی نوجوان نے بحفاظت پکڑ کر محکمہ وائلڈ لائف کے متعلقہ عملے کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نوجوان گوہر رحمان نے آبادی میں داخل ہونے والے مارخور کے بچے کو اپنی تحویل میں لے کر اسے محفوظ رکھا اور بعد ازاں محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کے حوالے کردیا۔
گوہر رحمان کے اس اقدام کو جنگلی حیات کے تحفظ اور قدرتی ماحول سے محبت کی قابلِ تحسین مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
مقامی سطح پر بھی ان کے اقدام کو ذمہ دار شہری کے مثبت کردار کے طور پر سراہا گیا۔
جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ نایاب جانوروں کو نقصان پہنچانے کے بجائے متعلقہ محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کرنا ضروری ہے تاکہ ان کی حفاظت اور بحالی کے لیے مناسب اقدامات کیے جاسکیں۔
گوہر رحمان کی جانب سے مارخور کے بچے کو محفوظ کرکے متعلقہ حکام کے حوالے کرنا جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے ایک قابلِ تقلید اقدام ہے۔