کاٹلنگ (نمائندہ خصوصی) تحصیل کاٹلنگ کے علاقے ساولڈھیر میں بوسیدہ پل کی تعمیر کیلئے اہل علاقہ نے حکومتی توجہ نہ ملنے پر اپنی مدد آپ کے تحت چندہ مہم شروع کردی۔ شہریوں نے پل کی تعمیر کیلئے سڑک کنارے چندہ کیمپ قائم کر دیا ہے، جہاں اہل علاقہ سے مالی تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق ساولڈھیر پل مقامی آبادی سمیت اطراف کے علاقوں کیلئے آمدورفت کا اہم ذریعہ ہے، تاہم طویل عرصے سے مناسب دیکھ بھال اور مرمت نہ ہونے کے باعث پل خستہ حال ہوچکا ہے۔ پل کے ساتھ مین روڈ کی حالت بھی انتہائی خراب ہے، جس کے باعث گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پل کی موجودہ حالت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، اس کے باوجود متعلقہ حکام اور منتخب نمائندوں کی جانب سے مسئلے کے مستقل حل کیلئے مؤثر اقدامات نہیں کئے گئے۔ حکومتی عدم توجہی سے مایوس ہوکر علاقہ مکینوں نے پل کی تعمیر کا بیڑا خود اٹھاتے ہوئے چندہ مہم شروع کی ہے۔
اہالیان ساولڈھیر نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ چندہ مہم کی ضرورت ختم کرتے ہوئے پل کی فوری تعمیر اور مین روڈ کی مرمت کیلئے سرکاری سطح پر ہنگامی اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ اور ممکنہ حادثے سے بچاؤ یقینی بنایا جاسکے۔