زخمیوں کی عیادت، شہداء کے لواحقین سے تعزیت؛ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نئی پالیسی ناگزیر ہے، 35 ارب اضافی دے کر پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کیا: وزیراعلیٰ
کوہاٹ (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کوہاٹ پولیس لائن خودکش دھماکے کے بعد کوہاٹ پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی، شہداء کے لواحقین سے ملاقات اور اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف 22 سال سے جاری پالیسی مطلوبہ نتائج نہیں دے رہی، اب پالیسی تبدیل کرنے کا وقت آچکا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، شہداء نے قوم کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے حکومتی شہداء پیکیج سے باہر رہ جانے والے شہداء کے خاندانوں کیلئے بھی مالی معاونت کا اعلان کیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پولیس کو جدید اسلحے اور وسائل کی فراہمی کیلئے 35 ارب روپے اضافی دیئے ہیں جبکہ پولیس کا بجٹ 190 ارب روپے کردیا گیا ہے۔ کوہاٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال کو ضروری طبی آلات فراہم، دھماکے سے متاثرہ مسجد اور سپیشل برانچ پولیس اسٹیشن کی تعمیر نو جبکہ ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال کو کم سے کم مدت میں مکمل کیا جائے گا۔