: کوہاٹ پولیس لائنز حملہ کے بعد سے سیکورٹی فورسز کی جانب سے کیا جانے والا کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا، جس میں 8 دہشتگرد مارے گئے۔
واقعات کے مطابق پولیس لائنز کوہاٹ کی مسجد کے قریب ہونے والے خودکش حملے اور دہشتگردوں کی دراندازی کے بعد پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کا رات بھر جاری رہنے والا کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا۔
8 دہشتگرد مارے گئے
خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں مجموعی طور پر 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ ایلیٹ فورس کمانڈوز، سی ٹی ڈی ٹیموں اور سکیورٹی فورسز نے پولیس لائنز کی اہم عمارات کو کلیئر کرلیا۔ عالمینقشے دیکھیں
دہشتگردوں کے خلاف آپریشن
پولیس کے مطابق حملے کے بعد دہشتگرد پولیس لائنز کی عمارات میں داخل ہوگئے تھے، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کیا، جو آج اپنے انجام کو پہنچ گیا۔
پولیس اور سکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی کے دوران تمام اہم حصوں کو کلیئر کیا گیا اور دہشتگردوں کا خاتمہ کردیا گیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا موقع پر موجود
خیبرپختونخوا کے آئی جی پولیس ذوالفقار حمید آپریشن کے دوران خود جائے وقوعہ پر موجود رہے اور اہلکاروں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔
پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اور ڈی پی او کوہاٹ نے آپریشن کی نگرانی کی جبکہ کوہاٹ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ بھی موقع پر موجود رہے۔
اہم عمارات کلیئر، علاقہ سکیورٹی کے حوالے
پولیس کے مطابق ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کے کمانڈوز نے کارروائی مکمل کرنے کے بعد پولیس لائنز کی عمارات کے اہم حصوں کو کلیئر کرلیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ سمیت متعلقہ ٹیموں نے علاقے کی کلیئرنس میں بھی حصہ لیا۔
آئی جی پولیس کا جوانوں کو خراج تحسین
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کو شاباش دی اور ان کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور ان کی خدمات قوم کے لیے قابل قدر ہیں۔ پولیس کے مطابق آئی جی نے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنانے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔