صوابی:صوابی مردان روڈ پر مبینہ طور پر پرانی دشمنی کی بنا پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق نارنجی کے رہائشی محمد روان نے تھانہ صوابی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ گزشتہ روز اپنے 40سالہ بھائی ریاض کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جوڈیشل کمپلیکس شاہ منصور، صوابی آئے تھے، جہاں ایڈیشنل سیشن جج 11کی عدالت سے سابقہ مقدمات کی نقول حاصل کرنے کے بعد واپس اپنے گاؤں نارنجی جارہے تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق جب دونوں مردان روڈ پر بدری خوڑ پل کے مقام پر پہنچے تو مغلکی، ضلع نوشہرہ کا رہائشی میرنوش موٹر سائیکل چلاتے ہوئے وہاں پہنچا، جبکہ نارنجی کا رہائشی رازولی مبینہ طور پر اس کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا۔
مدعی کے مطابق رازولی نے پستول سے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اس کا بھائی ریاض موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ وہ فائرنگ سے محفوظ رہا۔
پولیس نے ایف آئی آر میں نامزد دونوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔