بنگلا دیش کی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل حسن محمود خان کی زیر قیادت اعلی سطح کے وفد نے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دفاعی تعاون بڑھانے سمیت جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری پر بھی بات کی گئی ۔
بنگلا دیشی ائیر چیف نے پاکستانی ائیر چیف سے بنگلادیش کے لڑاکا فضائی بیڑے کی دیکھ بھال اور مرمت میں معاونت کی درخواست کی۔
بنگلادیشی ائیر چیف نے یہ بھی درخواست کی کہ بنگلادیش کے ائیر ڈیفنس ریڈار سسٹم کو ایئر سرویلیئنس سسٹم سے منسلک کرنے میں تعاون کیا جائے ۔
پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے بنگلادیش ائیر فورس چیف کو ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بنگلادیش ائیرفورس کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور مکمل تربیتی و طویل مدتی معاون نظام کی فراہمی کا بھی یقین دلایا۔
ملاقات میں ایرو اسپیس شعبے میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مہمانوں کو الیکٹرانک وار فیئر اور بغیر پائلٹ فضائی نظام میں پاک فضائیہ کی صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔
