پشاور(بیورورپورٹ)سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ ڈاکٹر بختیار خان نے کہا ہے کہ محکمہ اطلاعات کو دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم اہنگ کرنے کے علاوہ محکمہ صوبے کے صحافیوں کے جملہ مسائل حل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے،حکومت صوبے کے تمام اضلاع کے پریس کلبوں کو مزید فعال بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے تاکہ ان علاقوں کے مسائل کو مقامی صحافی میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں،ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر بختیار خان نے اپر چترال پریس کلب کے صدر محمد علی مجاہد اور سینئر صحافی عبدالودود بیگ پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ میڈیا اور حکومت کا چولی دامن کا ساتھ ہے ‘حکومتی اقدامات عوام تک پہنچانے میں صحافیوں کا کردار مسلمہ ہے اسی طرح صحافی عوام کی آواز کو ایوان اقتدار تک پہنچاتے ہیں،ڈاکٹر بختیار کا کہنا تھا کہ محکمہ اطلاعات میں اصلاحاتی عمل جاری ہے ‘جس سے صحافیوں کے مسائل حل ہونے کے علاوہ حکومت کے عوامی فلاحی منصوبوں کے بارے میں اطلاعات عوام تک پہنچانے میں مدد ملے گی،انہوں نے کہا موجودہ حکومت صوبے کے تمام پریس کلبوں اور خاص کر صوبے کے دور دراز علاقوں کے پریس کلبوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے،اور ان کے حل کے لئے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ صحافی بھی حکومت کے فلاحی کاموں کی تشہیر کے ساتھ حکومت کی رہنمائی میں بھی اپنا کردار ادا کریں، وفد نے محکمے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔