چترال: پولو ایسوسی ایشن چترال کے ترجمان خالد اعظم نے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کے حالیہ دورۂ چترال کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورے سے اہلِ چترال کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور علاقے کی ثقافت کو فروغ ملا ہے۔
اپنے ایک بیان میں خالد اعظم نے کہا کہ کور کمانڈر کی جانب سے چترال کی روایات، ثقافت اور مقامی ہیروز کی قدر افزائی قابلِ ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ معروف پولو پلیئر اظہار علی خان سے ملاقات اور ان کی حوصلہ افزائی دراصل چترال کے تاریخی کھیل پولو اور قدیم روایات کی سرپرستی کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کور کمانڈر نے صدر پولو ایسوسی ایشن شہزادہ سکندر الملک سے بھی خصوصی ملاقات کی، جو گزشتہ پچاس برسوں سے مختلف سطحوں پر چترال کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ان کی خدمات چترال کے کھیل اور ثقافت کے لیے گراں قدر سرمایہ ہیں۔
خالد اعظم نے کہا کہ اہلِ چترال کور کمانڈر کی محبت، خلوص اور ثقافت دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں عطا فرمائے تاکہ وہ اسی جذبے کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت جاری رکھیں۔