ضلع بنوں میں بڑی ڈکیتی واردات رونما، ڈکیت کیش وین اغوا کر کے ساتھ لے گئے اس دوران نہ صرف وین سے 8 کروڑ سے زائد کی رقم لوٹ لی گئی بلکہ سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ بھی چھین لیا گیا۔
واقعات کے مطابق بنوں کی تحصیل ڈومیل میں نامعلوم مسلح افراد نے نجی بینک کی کیش وین کو اغوا کر لیا اور اس کے بعد 8 کروڑ روپے سے زائد نقدی لوٹ لی، مسلح افراد نے کیش وین کے سیکیورٹی گارڈز سے اسلحہ بھی چھین لیا، سیکیورٹی گارڈز سے چھینے گئے اسلحہ میں 4 بندوقیں اور 2 عدد پستول شامل ہیں۔
زرائع کے مطابق نجی بنک کی کیش وین کو تھانہ ڈومیل کی حدود سے اغواء کیا گیا، اور مابعد اغوا کاروں نے کیش وین کے ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈز کو رہا کردیا، تاہم اس دوران مسلح افراد کیش وین میں موجود 8 کروڑ روپے اور سیکیورٹی عملے کا اسلحہ اپنے ساتھ لے گئے۔
ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، اور تحقیقات شروع کر دیں، اس دوران علاقے میں ناکہ بندی کر دی گئی، تاکہ ملزمان کی تلاش کی جا سکے، یاد رہے کہ واردات کے بعد مسلح افراد نے بنک کیش وین کی تصویر سوشل میڈیا پر باقاعدہ طور پر جاری کردی۔