شیرگڑھ (عبداللہ خان) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ “معرکۂ حق” نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی قوم اپنے نظریے، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت پاکستان آج دنیا میں ایک مضبوط اور باوقار ریاست کے طور پر پہچانا جا رہا ہے۔
وہ شیرگڑھ جلالہ میں سابق ایم پی اے عمران شہید کے حجرے میں “جشنِ معرکۂ حق” کے سلسلے میں منعقدہ بڑے عوامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے جمشید خان مہمند، نسیم محمد خان، حاجی فضل رازق، جلال خان خٹک، میڈم نازیہ شاہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ کارکنوں نے پاکستان اور افواجِ پاکستان کے حق میں بھرپور نعرے لگائے۔
امیر مقام نے کہا کہ گزشتہ سال دشمن کے خلاف کامیابی نے پوری دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی سیاسی بصیرت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ احتجاج اور قلم چھوڑ ہڑتالوں سے صوبے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “قلم چور تو سنا تھا، قلم چھوڑ پہلی بار دیکھ رہا ہوں”۔
وفاقی وزیر نے شہداء کے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خیبر پختونخوا بھر میں “جشنِ معرکۂ حق” تقریبات بھرپور انداز میں جاری ہیں۔