وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے عظمیٰ بخاری کے بیان پر بھرپور جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ اقتدار کے نشے میں عظمیٰ بخاری شاید ڈان لیکس جیسے سنگین غداری کے کردار بھول چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا خوف وفاق اور پنجاب کے وزراء کی بار بار پریس کانفرنسوں سے صاف واضح ہے، عظمیٰ بخاری کا بیان جھوٹ، پروپیگنڈا اور سیاسی زہر کے سوا کچھ نہیں، عمران خان عوام کے وزیر اعظم تھے، عوام ہی عمران خان کی اصل طاقت ہیں۔
معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کو کسی غیر ملکی پاسپورٹ کی ضرورت نہیں، وہ ایک غیرت مند اور محب وطن پاکستانی ہیں، عمران خان کا جینا مرنا اپنے ملک و قوم کے لئے ہے۔
شفیع جان نے اس موقع پر بتایا کہ اقتدار کے نشے میں عظمیٰ بخاری شاید ڈان لیکس جیسے سنگین غداری کے کردار بھول چکی ہیں، عظمیٰ بخاری جواب دیں، جندال بغیر ویزے مری کس کے کہنے پر آیا تھا؟ وفاق اور پنجاب یاد رکھیں “مائنس عمران خان” صرف ان کا خواب ہے، جو کبھی پورا نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے خود اپنے بانی نواز شریف کو خاموشی سے مائنس کر دیا، محب وطن کون ہے اور ملک دشمن کون، اس کا فیصلہ قوم کرے گی، عظمیٰ بخاری نہیں، مودی اور جندال سے تعلقات بڑھانے والے آج شرمناک انداز میں پی ٹی آئی پر بے سروپا الزامات لگارہے ہیں۔
