صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے چمکنی میں خواجہ سرا قتل کر دیا گیا، جبکہ نامعلوم افراد کی جانب سے کی جانیوالی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خواجہ سرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ چمکنی کی حدود میں سبزی منڈی ڈنڈو پل کے قریب ویران کھیتوں میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے خواجہ سرا کی شناخت مشال عرف مشی کے نام سے ہوئی، جس کی عمر تقریباً 25 سال بتائی جاتی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ زخمی خواجہ سرا کی شناخت 22 سالہ بصیر ولد سید ولی کے نام سے ہوئی، جو کہ قوم سے آفریدی بتایا گیا ہے۔ زخمی خواجہ سرا کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں، جبکہ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے تاکہ فائرنگ کے اصل محرکات اور ملزمان کا تعین کیا جا سکے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ ممکنہ طور پر ذاتی تعلقات کے تنازعے سے جڑا ہو سکتا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی اصل وجوہات سامنے آئیں گی۔