صوابی(نمائندہ پختونخوا نیوز)ضلع صوابی میں کرنل شیر خان انٹرچینج کے قریب موٹر وے پر پولیس موبائل حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں
پانچ پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 صوابی کی میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے زخمی پولیس اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے مردان ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ہسپتال منتقل کیے جانے والے زخمی اہلکاروں میں سے ایک پولیس اہلکار فہیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جاں بحق اہلکار کا تعلق لکی مروت سے بتایا گیا ہے۔حادثے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں میں دو کا تعلق لکی مروت جبکہ دو کا پشاور سے تھا، لکی مروت کے اہلکاروں میں عارف اور عمیر جبکہ پشاور کے اہلکاروں میں فواد اور سیف اللہ شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں، متعلقہ ادارے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔