خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ میریان پر خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جہاں پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بارود سے بھری گاڑی کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے تھانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم مضبوط دفاعی اقدامات اور پولیس کی فوری فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ ہوگئی۔
حکام کے مطابق دھماکے کے بعد حملہ آوروں نے تھانے میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی، تاہم پولیس نے یہ کوشش بھی ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران 4حملہ آور مارے گئے ۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ نقصانات اور دیگر تفصیلات سے متعلق معلومات بعد میں جاری کی جائیں گی۔