چترال (نمائندہ خصوصی) چترال لوئر کے علاقے فیض آباد سے تعلق رکھنے والے علی احمد ولد ولی محمد گزشتہ روز چیوپل کے قریب دریائے چترال میں گر کر لاپتہ ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی عمائدین اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاپتہ شخص کی تلاش کے لیے دریائے چترال میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
ریسکیو اہلکاروں اور مقامی افراد نے دریا کے مختلف مقامات پر تلاش کی، تاہم تاحال علی احمد کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ ریسکیو ٹیمیں مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ علاقے کے عمائدین اور شہری بھی تلاش کے عمل میں تعاون کر رہے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق علی احمد گزشتہ کئی سال سے ذہنی عارضے میں مبتلا تھے اور زیرِ علاج تھے۔ واقعے کے اصل محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے، جبکہ ریسکیو حکام کی جانب سے لاپتہ شخص کی تلاش جاری ہے