پشاور:چولی اصحاب بابا روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے وادی تیراہ کے سابق تنظیم انصار الاسلام کے اہم کمانڈر سید اکبر جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پشاور کے علاقے چولی اصحاب بابا روڈ پر پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے سید اکبر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سید اکبر کا تعلق وادی تیراہ سے تھا اور انہیں سابق تنظیم انصار الاسلام کے اہم کمانڈروں میں شمار کیا جاتا تھا۔ وہ پیر سیف الرحمن کے قریبی مریدوں میں بھی شمار ہوتے تھے جبکہ ان کا تعلق قبیلہ ملک دین خیل سے بتایا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی طور پر قتل کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔
پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔